راج کوٹ،8 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )انگلینڈ کے خلاف کل سے یہاں شروع ہو رہی پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں امپائروں کے ریویو سسٹم (ڈی آرایس )کے لاگو ہونے سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی نیند نہیں اڑی ہے اور ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا کہ یہ ریفرل سسٹم کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔یہاں ایس سی اے اسٹیڈیم میں کل سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل میزبان ٹیم کے کپتان کوہلی نے کہاکہ ڈی آر ایس میں کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے۔ایک کھلاڑی کے طور پر آپ کو سمجھ ہوتی ہے، آپ کومعلومات ہوتی ہے کہ گیند پیڈ سے کہاں ٹکرائی ہے، صحیح جگہ پچ ہوئی یا ٹکرائی تھی یا نہیں۔یہ کرکٹ کی معمول کی چیزیں ہیں۔یہ ضروری نہیں کہ ڈی آرایس کے لیے آپ کو کوئی کورس کرنا پڑے۔کوہلی نے کہاکہ مجھے لگتا ہے کہ ٹیم پر دیکھ کر ہم نے کافی سیکھا ہے کہ ڈی آرایس کا استعمال کیسے ہوتا ہے۔اگر ریفرل لیا جائے تو یہ کافی حد تک اس پر منحصر ہے کہ کیندباز اور وکٹ کیپر مخصوص معاملے کو لے کر کیا سوچتے ہیں، یہ عام سی بات ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہم اس پر بہت زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔یہ آپ کو صرف اس فیصلے کو دوبارہ دیکھنے کا موقع دیتاہے جو آپ کو لگتا ہے کہ درست نہیں ہے۔اور مجھے لگتا ہے کہ یہ مناسب ہے۔دیگر سبھی ممالک کی طرف سے دورخی سیریز میں قبول کئے گئے ڈی آر ایس سسٹم کی مسلسل مخالفت کرنے کے بعد بی سی سی آئی حال میں اسے لے کر جھکا ہے اور تجربہ کے طور پر ا س کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کوہلی نے حالانکہ انگلینڈ کے کپتان السٹیر کک اور تیز گیندباز اسٹیورٹ براڈ کے ان بیانات کو زیادہ توجہ نہیں دی جس میں انہوں نے قبول کیا تھا کہ ان کی ٹیم سیریز میں مضبوط دعویدار نہیں ہے۔